ویب ڈیسک:پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ عمران خان افواج اور اس ملک کے لیے بہت بڑا اثاثہ ہے،بانی پی ٹی آئی تو بہت بڑے لیڈر ہیں،لاہور میں اعظم سواتی کو جلسے کی اجازت دیں،دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے انسداد دہشتگری عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور امور جب قومی مجرموں کو سونپ دیے جائیں تو ملک تباہی کی طرف جاتا ہے،میں فیصلہ سازوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اللہ نے آپ کو استطاعت دی ہے ملک کو ٹھیک کریں،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالات بہت ابتر ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سب سے بڑا لیڈر بانی پی ٹی آئی عمران خان بے گناہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے،آج ہماری افواج اور عوام میں خلیج کو کم کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں سوچنا ہوگا کہ کن عوامل اور لوگوں نے یہ خلیج پیدا کی ہے،آنے والے وقت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میری طرح عدالتوں سے با عزت طریقے سے آزاد ہوں گے۔
اعظم خان سواتی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان افواج اور اس ملک کے لیے بہت بڑا اثاثہ ہے،بانی پی ٹی آئی تو بہت بڑے لیڈر ہیں،لاہور میں اعظم سواتی کو جلسے کی اجازت دیں،دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا چھوٹا سا ورکر ہو،ایک طرف تم جلسہ کرو ایک طرف میں جلسہ کروں گا۔پتا چل جائے گا کہ کس کے جلسے میں زیادہ لوگ آتے ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں سابق وفاقی وزیر اعظم خان سواتی کی پیشی
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے 5 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اعظم سواتی سے جناح ہاؤس کیس میں تفتیش مکمل ہو چکی ہے، اعظم سواتی نے ہمارے پاس دوبارہ آنا تھا مگر یہ نہیں آئے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ مگر آپ نے تو لکھ رکھا ہے کہ اعظم سواتی کے خلاف تفتیش مکمل ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی آفیسر کہاں ہے؟
ڈی ایس پی لیگل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر پیش ہو جائے گا۔
عدالت نے ڈی ایس پی لیگل کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر جناح ہاؤس کا ریکارڈ پیش کریں۔
اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم پولیس کے پاس جانا چاہتے تھے مگر پولیس نے ہمیں وقت نہیں دیا۔
بعدازاں عدالت جناح ہاؤس کیس میں پی ٹی آئی رہنما کو تفتیش کے لیے پولیس کے پاس پیش ہونے کی ہدایت جبکہ اعظم سواتی کی 9 مئی کے 5 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 11 مارچ تک توسیع کردی۔