ویب ڈیسک: موریطانیہ میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور تقریباً ڈیڑھ سو لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ مذکورہ کشتی میں سوار بیشتر افراد کا تعلق سینیگال اور گیمبیا سے تھا۔
تفصیلات کے مطابق تارکین وطن سے متعلق عالمی ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا تھا۔ حکام کے مطابق اس کشتی پر تقریباً 300 افراد سوار تھے اور ان میں سے 120 کو موریطانیہ کے ساحلی محافظوں نے بچا لیا۔
آئی او ایم نے ایک بیان میں کہا، ''تقریباً 300 افراد گیمبیا میں ایک پیروگ پر سوار ہوئے تھے اور 22 جولائی 2024 کو نواکشوط کے قریب کشتی الٹنے سے پہلے تک وہ تقریبا ًسات دنوں تک سمندر میں رہے۔''
زندہ بچ جانے والوں میں سے، 10 افراد کو فوری طور پر طبی دیکھ بھال کے لیے ہسپتالوں میں بھیجا گیا ہے، جبکہ چار لاوارث اور والدین سے جدا ہونے والے بچوں کی بھی شناخت کی گئی ہے۔''