ویب ڈیسک :امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا ہے کہ وہ وسکونسن کے سابق عوامی نمائندے اور فاکس نیوز کے میزبان شان ڈفی کو ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری نامزد کر رہے ہیں۔ یادرہے اس سے قبل وہ فاکس نیوز کے میزبان اور سابق فوجی افسر پیٹ ہیگستھ کو اپنا وزیر دفاع نامزد کرچکے ہیں۔
شان ڈفی اس وقت امریکا کے نشریاتی ادارے ' فاکس نیوز' سے بطور میزبان وابستہ ہیں۔
شان ڈفی کی تعیناتی کے بعد وہ ہوابازی، گاڑیوں، ٹرین سروس، ٹرانزٹ سمیت دیگر شعبہ جات سے متعلق پالیسیوں کے نگران ہوں گے۔
اس محکمے کا بجٹ لگ بھگ ایک سو دس ارب ڈالر ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ صدر جو بائیڈن کے دور میں 2021 میں شروع کیا گیا ایک ٹریلین ڈالر کے انفراسٹرکچر لا اور الیکٹرک چارچنگ اسٹیشنز کے قیام کی فنڈنگ بھی ان کے ماتحت ہوگی۔
امریکا میں رواں برس ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات میں کمی آئی ہے۔ البتہ یہ اب بھی کرونا وبا سے قبل ٹریفک حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں سے زیادہ ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں شاہراہوں، سرنگوں، پلوں اور ہوائی اڈوں کی تعمیر کے دوران ڈفی عمدگی، مسابقت اور خوب صورتی کو ترجیح دیں گے۔
منصب سنبھالنے سے قبل ٹرمپ نے کئی اہم عہدوں پر نامزدگیاں کی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ اب تک وزیرِ دفاع، وزیرِ خارجہ، ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف، ڈائریکٹر سی آئی اے، ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے سربراہان، وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف، اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر، مشیر برائے نیشنل سیکیورٹی اور اسرائیل کے لیے امریکا کے سفیر سمیت دیگر عہدوں پر نامزدگیاں کر چکے ہیں۔
امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ری پبلکنز جنوری کے تیسرے ہفتے تک امریکی حکومت کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کو تیار ہیں۔
ری پبلکن پارٹی کو سینیٹ میں 47 کے مقابلے میں 53 کی اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔
اسی طرح ایوانِ نمائندگان کی 435 نشستوں میں سے ری پبلکن پارٹی کو 218 نشستیں مل چکی ہیں اور یوں وہ ایوانِ زیریں میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔