ٹی20 ورلڈ کپ؛ افغانستان پہلی بار سیمی فائنل میں؛رحمان اللہ گرباز آبدیدہ ہوگئے

ٹی20 ورلڈ کپ؛ افغانستان پہلی بار سیمی فائنل میں؛رحمان اللہ گرباز آبدیدہ ہوگئے

 ( پبلک نیوز) طیبہ نقشی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلا دیش کو شکست دیکر پہلی بار سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ جیت کی خوشی میں رحمان اللہ گرباز اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائے، سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ٹیم کی جیت پر ہر کھلاڑی نے اپنے انداز سے فتح کا جشن منایا مگر اس موقع پر افغان ٹیم کے بیٹر رحمان اللہ گرباز ٹیم کی کامیابی پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری ہو گئے۔ رحمان اللہ گرباز انجری کی وجہ سے میچ میں فیلڈنگ جاری نہیں رکھ سکے تھے اور ڈریسنگ روم سے ہی ٹیم کو سپورٹ کر رہے تھے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر بنے آئی سی سی پیج پر افغانستان کے کھلاڑیوں کی متعدد ویڈیوز کو شئیر کیا جا رہا ہے۔ ایک ویڈیو میں افغانستان کے بیٹر رحمان اللہ گرباز کے فرط جذبات کو دکھایا گیا جو اہم میچ میں ٹیم کی جیت پر خوشی سے رو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان کے ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے پاکستان کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ ریکارڈ توڑ دیا تھا، رحمان اللہ گرباز اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئینٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔

Watch Live Public News