ویڈیو؛ دنیا کی انوکھی شادی، شرکت کرنیوالے ہرمہمان کو 2 لاکھ روپے

ویڈیو؛ دنیا کی انوکھی شادی، شرکت کرنیوالے ہرمہمان کو 2 لاکھ روپے
کیپشن: Crazy Rich Asian Wedding In China
سورس: Instagram

(ویب ڈیسک)عام طور پر شادی میں شرکت کرنے والے مہمان نوبیاہتا جوڑے کو سلامی کی شکل میں پیسے دیتے ہیں،مگر چین میں ایک شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو جوڑے کی جانب سے 800 ڈالرز ( 2 لاکھ 22 ہزار روپے سے زائد) دیے گئے۔

جی ہاں واقعی چین میں کچھ عرصے قبل ہونے والی ایک شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے،اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ امیر خاندان سے تعلق رکھنے والے جوڑے کی شادی کتنے شاندار انداز سے ہوئی۔ شادی میں شرکت کرنے والی ایک مہمان ڈانا وانگ نے یہ ویڈیو کچھ ہفتے قبل انسٹا گرام پر شیئر کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ دولہا دلہن کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے تمام مہمانوں کے سفری اخراجات خود ادا کیے گئے،مہمانوں کو 5 دن تک ایک پرتعیش فائیو اسٹار ہوٹل میں رہنے کا موقع ملا اور جو وہاں گھومنا چاہتے تھے ان کے لیے مہنگی ترین گاڑیوں اور ڈرائیورز کا انتظام بھی کیا گیا۔

شادی کا مقام بھی سانسیں روک دینے والا تھا جسے پھولوں اور فانوسوں سے سجایا گیا تھا اور مہمانوں کو لگ رہا تھا کہ وہ چین کی بجائے یورپ کے کسی مقام پر موجود ہیں۔

ویڈیو کے مطابق نوبیاہتا جوڑے نے تمام مہمانوں کو سرخ لفافے دیے اور ہر لفافے میں 800 ڈالرز موجود تھے۔

ڈانا وانگ نے بتایا کہ روایتی چینی شادیوں میں مہمانوں کی جانب سے دولہا دلہن کو پیسوں سے بھرے سرخ لفافے دیے جاتے ہیں، مگر اس شادی میں الٹا کام ہوا اور جوڑے نے مہمانوں سے سلامی لینے سے انکار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ 'کریزی رچ ایشین شادی حقیقی زندگی میں اس طرح کی ہوتی ہے'۔

واضح رہے کہ کریزی رچ ایشینز کیون کوان نامی مصنف کے ناولوں کی سیریز ہے جس پر ایک فلم بھی بنی۔ڈانا وانگ کی ویڈیو انسٹا گرام اور ایکس (ٹوئٹر) پر وائرل ہوچکی ہے اور صرف ایکس میں ہی اسے لاکھوں بار دیکھا جاچکا ہے۔
 
 

Watch Live Public News