اسلام آباد: عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج دوسرا روز ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں پر آج مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے چودھری نثار علی، این اے 127 سے سردار لطیف کھوسہ اور عون چودھری کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔ این اے 194 لاڑکانہ ون اور این اے 196 شہداد کوٹ سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات درست قرار دیئے گئے، این اے 265 پشین سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کاغذات منظور کر لئے گئے۔ این اے 148 سے سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن، این اے 128 اور این اے 123 سے لیاقت بلوچ کے کاغذات درست قرار دیئے گئے، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید امین الحق کے کاغذات بھی این اے 246 سے منظور ہوگئے۔ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 سے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے کاغذات بھی منظور ہوگئے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے این اے 207 نوابشاہ سے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے راولپنڈی، پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو، روبینہ قائم خانی، سعید غنی، تنزیلہ قمبرانی، جمیل سومرو، ٹی ایل پی کی ثروت فاطمہ، ایم کیو ایم کی افشاں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر ن لیگ کی مریم اورنگزیب ، شائستہ پرویز ملک، عظمی بخاری، حنا پرویز بٹ، ذکیہ شاہنواز کے کاغذات منظور کر لئے گئے۔ قومی اسمبلی کی مخصوص نشست پر پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر اور ناز بلوچ کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے۔ ایم کیو ایم کی سبین غوری، رعنا انصار، استحکام پاکستان کی صائمہ ندیم کے بھی مخصوص نشست پر کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق جماعت اسلامی اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدواروں کی مخصوص نشستوں پر سکروٹنی کل ہوگی جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی سکروٹنی 28 دسمبر کو شیڈول ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں کے اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق آئندہ عام انتخابات 2024ء کیلئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر کل 28 ہزار 626 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کی 266 عمومی نشستوں پر 7 ہزار 713 امیدوار جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی 70 نشستوں پر 609 امیدواروں کے کاغذات جمع ہوئے، قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 7 ہزار 242 مرد اور 471 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں کی جنرل 593 نشستوں پر 18 ہزار 546 امیدواروں اور 156 صوبائی مخصوص نشستوں پر 2 ہزار 367 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 17 ہزار 744 مرد اور 802 خواتین میدان میں ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستوں پر 8 ہزار 592 مرد اور 437 خواتین نے کاغذات جمع کرائے، سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں پر 4 ہزار 60 مرد اور 205 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر 3 ہزار 349 مرد اور 115 خواتین امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 1743 مرد اور 45 خواتین امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔