اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جتنی مہم عثمان بزدار کیخلاف چلائی گئی، میں نے آج تک کسی وزیراعلیٰ کیخلاف نہیں دیکھی۔ تاہم سروے رپورٹ میں سب سے اچھی کارکردگی ان کی رہی. سابق حکمران تو صرف ہیٹ پہن کر پھرتے رہے. وزیراعظم نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے سب سے پسماندہ علاقے سے ہے۔ ان کو پتا ہے کہ پسماندہ علاقوں کے مسائل کیا ہوتے ہیں۔ صحت کارڈ کے اجرا پر میں وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اسلام آباد میں قومی صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سسٹم صرف اشرافیہ کیلئے بن گیا تھا۔ ماضی میں حکمرانوں کو کھانسی بھی آتی تھی تو وہ اپنا علاج کرانے باہر چلے جاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے برطانیہ میں رائج صحت کے نظام نے متاثر کیا۔ برطانیہ میں دنیا کا سب سے اچھا ہیلتھ سسٹم ہے لیکن ہم جو کرنے جا رہے ہیں ایسا سسٹم شاید ہی دنیا میں کہیں ہو۔ صوبائی حکومتوں اور وفاق نے صحت کارڈ بارے بہت اچھا اقدام اٹھایا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ امیر ملکوں میں ہیلتھ انشورنس کیلئے پریمیم دینا پڑتا ہے۔ لیکن اب پاکستان میں خاندان کے پاس 10 لاکھ مالیت کا ہیلتھ کارڈ ہوگا۔ اس کارڈ پر سرکاری کے علاوہ اب پرائیوٹ ہسپتالوں سے بھی علاج کرایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں غریبوں کیلئے کوئی سہولت نہیں تھی۔ کوئی ڈاکٹر تک ان کے پاس علاج معالجے کیلئے نہیں جاتا تھا۔ میانوالی جیسے شہر سے لوگ اپنا علاج کرانے راولپنڈی آتے تھے۔ تاہم اب صحت کارڈ کے ذریعے کوئی بھی شخص نجی ہسپتال سے علاج کرا سکے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کا خواب تھا کہ پاکستان ایک فلاحی ریاست بنے لیکن آج تک اس بارے میں کسی نے سوچا ہی نہیں تھا۔ ہم ساڑھے 400 ارب روپے ہیلتھ کارڈ پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔