بھارتی لڑکی انجو سے والد اور بھائی نے قطع تعلق کا اعلان کر دیا

بھارتی لڑکی انجو سے والد اور بھائی نے قطع تعلق کا اعلان کر دیا
بھارت سے اپنے پاکستانی دوست، شمالی علاقے دیربالا کے رہائشی نصراللّٰہ کے پاس آنے والی خاتون انجو سے اس کے بھائی ڈیوڈ اور والد گایا پرساد تھامس نے قطع تعلق کرلیا۔ نو مسلم اور نو بیاہتا انجو (فاطمہ) کے والد گایا پرساد تھامس نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ جس طرح سے وہ اپنے 2 بچوں اور شوہر کو پیچھے چھوڑ کر بھاگی ہے، اپنے بچوں تک کا اس نے نہیں سوچا، انجو کو اگر یہی کرنا تھا تو پہلے اپنے پہلے شوہر سے طلاق لیتی ، اب وہ ہمارے لیے مر گئی ہے۔ انجو کے والد کا کہنا تھا کہ میں بھارتی حکومت سے اپنی بیٹی کو پاکستان سے واپس بھارت لانے کی اپیل نہیں کروں گا، میری درخواست ہے کہ اسے پاکستان میں ہی مرنے دیں۔ انجو (فاطمہ) کے والد نے بیٹی کے بچوں کے لیے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس کے بچوں کا کیا ہو گا، شوہر کا کیا ہو گا؟ اس کی 13 برس کی بیٹی اور 5 برس کے بیٹے کا کیا ہو گا ؟ اس نے اپنے بچوں کا اور شوہر کا مستقبل برباد کر دیا ہے۔ دوسری جانب انجو کے بھائی ڈیوڈ نے بھی بھارتی میڈیا پر اپنی بہن کے بھارت سے پاکستان پہنچنے، اسلام قبول کرنے اور شادی سے متعلق رائے کا اظہار کیا ہے۔ ڈیوڈ نے کہا کہ اگر اس کی بہن بھارت سے غداری کر ہی چکی ہے تو اِسے واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے، انجو وہیں رہے۔ انجو کے بھائی کا مزید کہنا تھا کہ گھر سے دوست سے ملنے کا کہہ کر گئی تھی لیکن پھر ہمیں انجو نے بتایا کہ وہ پاکستان کے شہر لاہور پہنچ چکی ہے، انجو نے اپنے آفس سے گھومنے کی خاطر ایک ہفتے کی چھٹی بھی لی تھی۔ ڈیوڈ کے مطابق انجو کا ارادہ اس دوران خاندان کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کا تھا لیکن پھر بجٹ کے باعث انجو کا پروگرام خاندان کے ساتھ نہیں بن پایا اور پھر انجو نے ہمیں بتایا کہ وہ امرت سر جا رہی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔