ٹی 20 ورلڈکپ؛ بھارت کے فائنل میں جانے کے امکانات واضح

ٹی 20 ورلڈکپ؛ بھارت کے فائنل میں جانے کے امکانات واضح
کیپشن: T20 world cup, india in final
سورس: web desk

(ویب ڈیسک)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 8 مرحلے کے بعد اب سیمی فائنل میچز کا   آغاز کل سے ہو رہا ہے،ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل گیانا میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں ان دنوں بارش کی پیش گوئی ہے اور خدشہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھی بارش اپنا اثر دکھا سکتی ہے،اس حوالے سے آئی سی سی  نے دونوں سیمی فائنلز کے لیےالگ الگ رولز بنائے ہیں۔

افغانستان اور جنوبی افریقا کے میچ میں بارش ہوئی تو سیمی فائنل اگلے دن ہوگا جبکہ بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل بارش کے باعث نہ ہوسکا تو بھارت فائنل میں جائےگا اور اس میچ کے لیے کوئی اضافی دن نہیں رکھا گیا۔

بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل میچ کیلئے ریزرو ڈے کے بجائے 250 منٹ کا اضافی وقت ہوگا البتہ میچ منسوخ ہونے کی صورت میں بھارت سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں اپنی پہلی پوزیشن کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔

واضح رہے کہ گروپ 1 میں بھارت مسلسل3 میچز میں کامیابی کے بعد پہلی پوزیشن پر براجمان تھا جبکہ انگلینڈ گروپ 2 میں 4  پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔

پہلے سیمی فائنل کے لئےریزرو ڈے اور دوسرے سیمی فائنل کے لئےریزرو ڈے نہ ہونے کی بڑی وجہ دونوں میچوں کا وقت ہے،پہلا سیمی فائنل میچ ڈے نائٹ میچ ہے  جو 26 جون کو مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 8  بجے شروع ہوگا جبکہ گیانا میں بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل ڈے میچ ہے جو 27 جون کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10  بجے شروع ہوگا۔

28 جون کا دن فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کے سفر کے لئےمختص ہے جو 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا،اگر جنوبی افریقا  اور افغانستان کا ڈے نائٹ میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہو سکا تو وہ 27 جون کو ریزرو ڈے پر مکمل ہوجائے گا۔


لیکن 28 جون کو ٹریول ڈے ہونے کی وجہ سے 27 جون کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ اسی دن مکمل کرنا پڑے گا اور اس لیے آئی سی سی نے اس سیمی فائنل کے لیے 250 منٹ کا اضافی وقت مختص کیا ہے۔

 گیانا میں 27 جون کو صبح سے لیکر شام چار بجے تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، امید کی جارہی ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اضافی وقت میں میچ مکمل ہوجائے گا۔


تاہم  بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو سپر 8 مرحلے کی ٹاپ  پوزیشن والی ٹیم   فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

 
 

Watch Live Public News