معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین انتقال کرگئیں

معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین انتقال کرگئیں

کراچی(پبلک نیوز) معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔

حسینہ معین نے اپنے کیرئیر کے دوران ان کہی، دھوپ کنارے اور تنہائیاں جیسے سپرہٹ ڈرامے تحریر کئے، نمازجنازہ آج کراچی میں ادا کی جائے گی۔

ملک کی نامور شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بمعروف ڈرامہ نویس حسینہ معین کے انتقال پر اظہارِ دکھ و افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حسینہ معین پاکستان میں ٹیلی پلے کے ایک درخشاں عہد کا نام تھا، جو آج تمام ہوا، حسینہ معین کے انتقال کی خبر میرے لیئے صدمے کا باعث ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی حسینہ معین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا، انکا کہنا تھا حسینہ معین کے سپرہٹ ڈرامے آج بھی لوگوں دلوں پر نقش ہیں، مرحومہ نے ٹی وی ڈراموں کو ایک نئی جہت دی، ٹی وی ڈراموں کے حوالے سے مرحومہ کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی حسینہ معین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ حسینہ معین اپنے ڈراموں اور تصنیفوں میں ہمیشہ زندہ رہینگی۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا معروف لکھاری حسینہ معین کے انتقال پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حسینہ معین کی تحریریں پاکستان ٹیلی ویژن کا یادگار حصہ ہیں۔

چیئرپرسن الحمراء منیزہ ہاشمی و ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ڈاکٹر اسلم ڈوگر نے بھی حسینہ معین کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ چیئرپرسن الحمراء منیزہ ہاشمی نے اپنے پیغام میں کہا زبان و ادب میں حسینہ معین کے کام کو بے پناہ قدر و منزلت و مقام حاصل رہے گا، انسانی و تہذیبی اقدار کا استحکام انکا نصیب العین رہا۔

ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر اسلم ڈوگر کا کہنا تھا کہ معروف ڈرامہ حسینہ معین کی فکری و سماجی بصرتیں نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہیں۔ اللہ انکو جنت الفروس میں اعلی مقام دے،انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔