منحرف اراکین ڈی سیٹ، ضمنی الیکشن 17 جولائی کو شیڈول

منحرف اراکین ڈی سیٹ، ضمنی الیکشن 17 جولائی کو شیڈول
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی کے ڈی نوٹیفکیشن کے بعد 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات 17 جولائی کو کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ان اراکین اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں پارٹی پالیسی کے خلاف جاتے ہوئے وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا۔ 18 مئی 2022ء کو عدالت عظمیٰ نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلے میں کہا تھا کہ منحرف رکن اسمبلی کا پارٹی پالیسی کے برخلاف دیا گیا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔ اس فیصلے کے 2 دن بعد 20 مئی کو الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کردیا تھا۔ صوبائی اسمبلی کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونگے ان میں پی پی 288 ڈیرہ غازی خان-4، پی پی 282 لیہ-3، پی پی 272 اور 273 مظفرگڑھ-5، 6، پپ 237 بہاولنگر-1، پی پی 228 لودھراں 5، پی پی 224 لودھراں-1، پی ہی 217 ملتان-7، پی پی 202 ساہیوال-7، پی پی 167، 168 اور 170 لاہور 14 اور 16، پی پی 158 لاہور-15، پی پی 140 شیخوپورہ-6، پی پی 127 جھنگ 4، پی پی 125 جھنگ-2، پی پی 97 فیصل آباد-1، پی پی 90 بھکر-2، پی پی 83 خوشاب -2 اور پی پی 7 راولپنڈی-2 شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی 4 سے 7 جون کے درمیان وصول کیے جائیں گے۔ ریٹرننگ افسر ضمنی الیکشن کا نوٹس 31 مئی کو جاری کریں گے۔ اس کے بعد انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی لسٹیں آٹھ جون کو جاری کی جائیں گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون تک ہوگی۔ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کئے جانے کے خلاف اپیلیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 جون ہے۔ اپیلٹ ٹربیونل اسی روز اس معاملے کا فیصلہ کرے گا۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹیں 22 جون کو جاری کی جائیں گی۔ امیدوار 23 جون تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ انتخابی نشانات 24 جون کو الاٹ کیے جائیں گے۔ پولنگ 17 جولائی کو ہوگی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔