راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی قیادت کو جلسے سے قبل پولیس نے تحریری طور پر سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کو بھیجے گئے مراسلے میں یہ کہا گیا ہےکہ وی آئی پی سکیورٹی کے لیے پولیس کی ہدایات پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس نے اپنے مراسلے میں بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کیلئے بلٹ پروف روسٹرم کویقینی بنایا جائے اور چیئرمین پی ٹی آئی لازمی طور پر بلٹ پروف جیکٹ کا استعمال کریں جبکہ عمران خان کسی بھی عوامی مقام پر گاڑی سے باہر نہ نکلیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہےکہ روایت کے برعکس عمران خان کی نقل و حرکت کو خفیہ رکھا جائے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، کل کا جلسہ ملتوی کر دیں۔