وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ مسجدالحرام میں عمرہ ادا کیا

وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ مسجدالحرام میں عمرہ ادا کیا
دورہ سعودی عرب میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں بھی کیں ۔ تفصیلات کے مطابق دورہ سعودی عرب پر موجود وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجد نبوی میں عمرہ ادا کیا، انہوں نے حجر اسود کو بو سہ دیا اور ملک کی خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے امت مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ اس سے قبل انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور سمیت دیگر اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں رہنماؤں کی جانب سے پاک سعودی تعلقات کا جائزہ لیا گیا جب کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات بہت خوش گوار رہی، دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور برادرانہ نسبت کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق ہوا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دو روز دورہ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں شہباز شریف نے سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ سے خطاب کیا، دوران خطاب انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے سعودی حکومت کا وژن لائق تحسین ہے، معاشی اور سماجی ترقی میں خواتین کا با اختیار ہونا بہت ضروری ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔