کیپٹن محمد سرور شہید کا 73 یوم شہادت، بہادری کی داستان

کیپٹن محمد سرور شہید کا 73 یوم شہادت، بہادری کی داستان
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان کے عظیم فرزند اور نشان حیدر حاصل کرنے والے پہلے سپوت کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا 73 واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، انہوں نے کشمیر کے حصول کیلئے جنگ میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے اڑی میں 1948 میں جام شہادت نوش کیا۔ تفصیلات کے مطابق کیپٹن راجہ محمد سرور شہید 10 نومبر 1910 کو راولپنڈی کے گاؤں سنگھوری میں پیدا ہوئے، آپ کو 1929 میں فوج میں بطور سپاہی بھرتی کیا گیا جبکہ 1944 میں پنجاب رجمنٹ سے کمیشن حاصل کیا۔ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نے دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا اور بہادری کی شاندار مثالوؒں پر انہیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، قیام پاکستان کے بعد کشمیر آپریشن میں کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کو پنجاب رجمنٹ کی سیکنڈ بٹالین میں کمپنی کمانڈر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کشمیر آپریشن کے دوران 27 جولائی 1948 کو مقبوضہ کشمیر کے اڑی سیکٹر میں دشمن کی اہم پوزیشن پر بھرپور حملہ کیا اور کامیابی سے پیش قدمی جاری رکھی ، جب کیپٹن راجہ محمد سرور شہید دشمن کے مورچے کے قریب پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ دشمن نے اپنے مورچوں کو خاردار تاروں سے محفوظ بنانے کی کوشش کی ہے۔ کیپٹن راجہ محمد سرور نے پیش قدمی جاری رکھی اور مسلسل فائرنگ کرتے رہے اور اپنی جان کی پرواہ نے کرتے ہوئے چھ ساتھیوں کے ہمراہ خار دار تاروں کو عبور کر کے دشمن کے مورچے پر حملہ کیا اسی حملے میں انہوں نے اپنے سینے پر دشمن کی گولی کھائی اور جام شہادت نوش کیا۔ کیپٹن محمد سرور شہید کے 73 ویں یوم شہادت پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھر پور خراج عقیدت پیش کیا، جاری کئے جانے والے ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جنگ کشمیر 1948 کے شہید کیپٹن محمد سرور شہید کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے،کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال جرات، چٹان جیسا عزم اور جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Watch Live Public News