کراچی (ویب ڈیسک) ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے) نے جولائی کی پروازوں کے لئے وزن میں اضافے کے بعد 140 فضائی میزبانوں کو گراونڈ کر دیا ہے۔
پی آئی اے نے بہت سارے مرد اور خواتین فلائٹ اٹینڈینٹ کو وزن زیادہ ہونے کے سبب ڈیوٹی روسٹر اور پروموشنز میں شامل ہونے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس وبائی امراض کی لہر کے دوران فلائٹ اٹینڈینٹس نے سخت ڈائیٹ پلان پر بھی عمل نہیں کیا۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ گراونڈ فلائٹ اٹینڈینٹوں کی تعداد 85 ہے کیونکہ مستقل شکایات کے بعد فیصلہ لیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایئرلائن نے کارروائی کرنے سے قبل زیادہ وزن والے فلائٹ اٹینڈینٹ کو متعدد بار انتباہ جاری کیا ہے۔ 2019 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی انتظامیہ نے بین الاقوامی پروازوں سے اپنے زیادہ وزن والے فضائی میزبانوں کو آف لوڈ کرنے کی تجویز پر زور دیا تھا۔
پی آئی اے نے ایک میمو بھی جاری کیا تھا جس میں 1،800 فلائٹ اٹینڈینٹ کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مقرر کردہ مطلوبہ معیار تک اپنا وزن کم کریں۔