کھیل قیام امن اور مفاہمت کا ایک اہم ذریعہ ہے، جہانگیر خان

کھیل قیام امن اور مفاہمت کا ایک اہم ذریعہ ہے، جہانگیر خان
دنیائے سکواش کے عظیم کھلاڑی اور سابق ورلڈ چیمپئین جہانگیر خان نے کہا ہے کہ کھیل قیام امن اور مفاہمت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اولمپک تحریک سے ناصرف مختلف قومیتوں اور زبانیں بولنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا سکتا ہے بلکہ صحت مند طرز زندگی کی حوصلہ افزائی اور کھیل کو وسیع پیمانے پر فروغ بھی دیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز اولمپک ڈے کی تقریبات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان اولمپک انوائرمنٹ کمیشن کے تحت منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیرا اولمپک کے سپیشل بچوں سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ جہانگیر خان کا مزید کہنا تھا کہ شجرکاری اولمپک موومنٹ اور اقوام متحدہ کے چارٹرڈ میں شامل ہے جس کا مقصد کھیلوں کے میدان سے شجرکاری کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ اولمپک ڈے کی تقریبات میں اسپیشل بچوں کی شمولیت پر پی او انوائرمنٹ کمیشن کے چیئرمین کرنل (ر) وسیم جنجوعہ اور ممبر تہمینہ آصف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جہانگیر خان کاکہنا تھا کہ اسپیشل بچے بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ سرکاری میڈیا اے پی پی کے مطابق ان میں بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ان بچوں نے کھیل کے میدانوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھا تے ہوئے پاکستان کا نام دنیا بھرمیں روشن کیاہے خصوصاً اسپیشل اولمپکس میں گولڈ میڈلز جیت کر دنیا بھرمیں پاکستان کا وقار سربلند کرنے اور پہاڑوں سے بلند حوصلے رکھنے والے ہمارے قومی ہیروز نے یہ ثابت کردیا کہ ان میں صلاحیتیں کسی طور پر بھی دوسروں سے کم نہیں ، آج ان بچوں کے ساتھ اولمپک ڈے کی تقریب میں شریک ہوکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں، ایسی تقاریب ان بچوں میں مزید حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔ پاکستان میں سکواش کے سنہری دور کی واپسی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول سے سکواش کی جدید تربیت فراہم کرکے ہی عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جا سکتے ہیں۔ ممبر انوائرمنٹ کمیشن تہمینہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ سپیشل کھلاڑیوں کو برابری کی بنیاد پر کھیلوں میں حصہ لینے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ آج کا یہ ایونٹ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، بہت جلد ان بچوں کیلئے سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر جہانگیر خان سپیشل بچوں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔