(ویب ڈیسک )دانش منیر: مالی سال 2024-25 کے وفاقی بجٹ کے اہم خدوخال سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ کا حجم 17 ہزار 5 سو ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ قرض اور سود کی ادائیگیوں پر 9 ہزار 7 سو ارب روپے تک خرچ کئے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ کا خسارہ ساڑھے 9 ہزار ارب روپے سے زائد ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔آئندہ بجٹ میں دفاعی اخراجات 2.1 ٹریلین سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال نان ٹیکس آمدن 2 ہزار 5 سو ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ بجٹ میں ٹیکس محصولات کا ہدف 12 ہزار 5 سو ارب سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں مرکزی بنک کے منافع کی مد میں 11 سو ارب روپے اکھٹے ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی مد میں 1 ہزار 80 ارب روپے جمع کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1 ہزار ارب روپے بجٹ مختص کرنے کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنشن بل کا تخمینہ 960 ارب تک ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بجٹ سے قبل ابتدائی تخمینوں کو حتمی شکل دی جائے گی،بجٹ کے فریم ورک سے وزیر اعظم آفس کو بھی آگاہ رکھا جا رہا ہے۔