ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح 44٪ سے تجاوز کرگئی

ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح 44٪ سے تجاوز کرگئی
اسلام آباد: ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح 44 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مہنگائی کی مجموعی شرح 44.58 فیصد ہو گئی۔ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 23 اشیائے ضروریہ قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 47 روپے 42 پیسے فی کلو اضافہ ہوا، ٹماٹر کی قیمت 110 روپے فی کلو سے بڑھ کر 157 روپے ہو گئی۔ پیاز کی فی کلو قیمت میں 35 روپے 6 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ آلو کی فی کلو قیمت 3 روپے 88 پیسے بڑھ گئی۔ انڈوں کی قیمتوں میں فی درجن 7 روپے 25 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 51 روپے 2 پیسے مہنگا ہوا، بچوں کے خشک دودھ کا 390 ملی گرام کا پیکٹ 8 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا، برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ ہوا، گندم کا 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے تک مہنگا ہوا، دال مونگ، ماش، جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران صرف 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے دال مسور کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 91 پیسے کی کمی ہوئی، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 5 روپے 52 پیسے، چینی، کیلے، ڈالڈ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے جبکہ حالیہ ہفتے تازہ دودھ اور دہی سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔