لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) نے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ میں نمونیا کی تشخیص کی تصدیق کی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فاسٹ با ؤلر نسیم شاہ میں نمونیا کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ آج رات ہسپتال میں ہی قیام کریں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کا میڈیکل پینل نسیم شاہ کی نگرانی کررہا ہے ، نسیم شاہ کی آئندہ میچز میں شرکت اور اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانگی کا فیصلہ ان کی میڈیکل رپورٹس دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔