اسلام آباد: (اے پی پی) ہالینڈ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33 اعشاریہ 1 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ جولائی تا نومبر تک کی مدت میں ہالینڈ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 24 اعشاریہ 2 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں33 اعشاریہ ایک فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ہالینڈ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 18 اعشاریہ 1 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ نومبر 2021ء میں ہالینڈ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے چار اعشاریہ 6 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گذشتہ سال نومبر میں ہالینڈ سے ترسیلات زر کا حجم 3 اعشاریہ تین ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طور پر 9 اعشاریہ سات فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔