لاہور: ( پبلک نیوز) 2021ء پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے صرف شاندار نہیں بلکہ نہایت شاندار رہا۔ شاہینوں نے اس سال ٹی 20 میچز میں ورلڈ ریکارڈز کا ڈھیر لگا دیا۔ اس سال ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں سب سے زیادہ رنز محمد رضوان نے بنائے۔ انہوں نے 1326 رنز 134.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے۔ انہوں نے 104 رنز بنا کر ایک سینچری بھی داغی۔ محمد رضوان کی 2021ء میں ٹی 20 بیٹنگ ایوریج 73.66 رہی۔ یہ بھی ورلڈ ریکارڈ ہے۔ 2021ء میں کسی بھی ایسے بلے باز جس نے 500 یا 500 سے زیادہ ٹی 20 رنز بنائے ہیں اس کی بیٹنگ ایوریج محمد رضوان کی بیٹنگ ایوریج کے قریب بھی نہیں آسکی۔ 2021ء کا تیسرا ورلڈ ریکارڈ بھی محمد رضوان ہی کے نام رہا۔ اور وہ ہے سب سے زیادہ ہاف سینچریز اسکور کرنے کا والے بلے باز بن گئے۔ محمد رضوان نے 2021ء میں 12 ٹی 20 ففٹیز اسکور کی ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 2021ء میں ٹی 20 میچز کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے 122 رنز بنائے۔ آپ کو یہ تو پتہ لگ ہی چکا ہے کہ 2021ء میں سب سے زیادہ ٹی 20 رنز محمد رضوان نے بنائے ہیں مگر کیا یہ پتہ ہے کہ سیکنڈ ہائیسٹ رنز کس کے ہیں؟ بابر اعظم 2021ء میں 939 ٹی 20 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ بابر اعظم نے یہ رنز 37.56 کی ایوریج اور 127.58 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔ بابر اعظم 2021ء میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے والے فیلڈر ہیں۔ انہوں نے اس سال 16 ٹی 20 کیچز تھامے اور ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔ ٹیم پاکستان نے 2021ء میں سب سے زیادہ ٹی 20 میچز جیتے۔ ان میچز کی تعداد ہے 20 جو کہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔ 2021ء میں سب سے زیادہ چوکے ٹیم پاکستان نے ہی مارے ہیں۔ شاہینوں نے 347 بار گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچایا۔ اتنے ڈھیر سارے چوکے دنیا کی کوئی بھی ٹیم نہ مار سکی۔اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2021 میں 147 سکسز مارے ہیں۔ 147 ٹی 20 چھکے 2021 کے سیکنڈ ہائیسٹ سکسرز ہیں۔ 2021ء میں شاہینوں نے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا بھی ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہمارے بیٹرز نے ٹی 20 رنز کا یہ ورلڈ ریکارڈ 4 ہزار 20 رنز بنا کر قائم کیا ہے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ء میں ٹیم پاکستان نے بھارتی ٹیم کی ضمانت ضبط کر لی تھی۔ شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کا 152 رنز کا ٹارگٹ 13 بالز پہلے ہی حاصل کر لیا تھا۔ پاکستان نے یہ رنز بغیر وکٹ کھوئے بنائے اور 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا تھا۔ یہ پاکستان کی ٹی 20 میچز میں اب تک کی سب سے بڑی فتح ہے کیونکہ پاکستان نے پہلی بار کسی ٹیم کو ٹی 20 میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 14 اپریل 2021ء کو بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی نے ساؤتھ افریقا کے خلاف پہلی وکٹ کے لیے 197 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ یہ بھی اس سال کا ٹی 20 ورلڈ ریکارڈ ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے یہ پارٹنر شپ ساؤتھ افریقا ہی کے سینچورین کرکٹ گراؤنڈ پر بنائی تھی۔ محمد رضوان دنیا کے واحد وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے 2021ء کے ٹی 20 میچز میں سب سے زیادہ کیچز پکڑے۔ محمد رضوان نے یہ ورلڈ ریکارڈ 22 کیچز تھام کر قائم کیا۔ محمد رضوان دنیا کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے ایک سال میں ٹی 20 میچز میں ایک ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ آج تک دنیا کا کوئی بھی کھلاڑی ٹی 20 میچز میں ایک سال میں ایک ہزار رنز نہیں بنا سکا۔