ویب ڈیسک: ملتان اور لاہور کے بعد کراچی ایئرپورٹ پرجدید ٹیکنالوجی سے لیس سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول آفس قائم کردیا گیا ہے، حکام کے مطابق جدید آلات سے غیر قانونی امیگریشن روکنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر کراچی ایئرپورٹ پر سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول آفس قائم کر دیا گیا ہے، یہ سہولت اس سے قبل ملتان اور لاہور ایئرپورٹس پر متعارف کرائی جاچکی ہے۔
انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن سینٹر کے تعاون سے کراچی ایئرپورٹ پر قائم کردہ یہ سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول آفس اسٹیٹ آف دی آرٹ فورینزک اور آئی ٹی آلات سے لیس ہے، ان جدید آلات سے غیر قانونی امیگریشن روکنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
ایف آئی اے کے اعلامیہ کے مطابق رواں ماہ ایف آئی اے امیگریشن حکام کو جدید آلات کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ کا بھی انعقاد کیا گیا، جدید سسٹم کی بدولت جعلی دستاویزات اور ویزوں کی جانچ پڑتال سمیت انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
’جدید آلات پاسپورٹس اور ویزوں کی خصوصیات کو جانچنے میں معاونت کریں گے، جدید آلات سے غیر قانونی امیگریشن روکنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جعلی، مشتبہ اور غیر قانونی دستاویزات کی اسکریننگ بہتر انداز میں کی جا سکے گی۔‘