لاہور ( پبلک نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم بلے باز سرفراز احمد کو ویزہ مل گیا ہے۔ سرفراز احمد کل صبح ابوظہبی کے لیے روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نجی ایئرلائن سے براستہ بحرین ابوظہبی روانہ ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچ 7 جون سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ سپر لیگ کا فائنل 24 جون کو ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سپر لیگ سیزن کے بقیہ میچوں کا باضابطہ طور پر شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ابوظہبی پہنچنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی قرنطینہ میں ہیں۔ جہاں پر وہ مختلف سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ امام الحق نے اس حوالے سے انسٹاگرام پر ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جو کافی وائرل ہو رہی ہے۔