اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کی جانب سے موبائل فون صارفین کو ایک انتہائی اہم آن لائن سہولت دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق موبائل گم ہو جانے یا چھن جانے پر عموماً لوگ اس کو بند کرا دیتے ہیں۔ اس کو بند کرانا ہو تو آپ کو خود متعلق آفس جا کر بند کرانا پڑتا ہے۔ لیکن اب حکومت کی جانب سے اہم سہولت دے دی گئی ہے۔ آپ نے موبائل فون بند کرانا ہو یا دوبارہ مل جانے کی صورت کھلوانا ہو تو آپ کو خود جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے آن لائن یہ سہولت دے دی گئی ہے کہ آپ ٹول فری نمبر 080055055 پر کال کریں اور جو بھی معاملہ ہے اس کو آن لائن حل کرائیں۔ آپ نے فون بند کرانا ہو یا کھلوانا تو اس نمبر کے ذریعہ آپ کا کام آن لائن ہی ہو جائے گا۔ اس نمبر پر صبح 9 سے رات 9 بجے تک مفت کال کرنے سہولت ہو گی۔
کال کر کے آپ اپنی شکایت کرائیں گے۔ شکایت کے اندراج کے بعد فون بند کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر آپ کو ایک خصوصی کوڈ بھی جاری کیا جائے گا۔ یہ کوڈ اس وقت کام آئے گا جب آپ کو وہی فون دوبارہ مل جائے گا۔ آپ وہ کوڈ لگاتے ہوئے اپنے فون کو دوبارہ قابل استعمال بنا لیں گے۔
خیال رہے کہ شہر قائد میں سی پی ایل سی ریکارڈ کے مطابق روزانہ اوسطاً 70 سے 75 موبائل فونز چھین لیے جاتے ہیں۔ رواں برس تک 10 ہزار سے زائد شہریوں سے فون چھن چکے ہیں۔ گزشتہ برس ساڑھے 21 ہزار سے زائد موبائل فونز سے شہریوں کو محروم کیا گیا تھا۔