'ہوش کے ناخن لیں، اپنے خاندان اور گھر کا مذاق نہ بنائیں'

'ہوش کے ناخن لیں، اپنے خاندان اور گھر کا مذاق نہ بنائیں'
اسلام آباد: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ق لیگ کہاں سے ٹوٹی ہے، کوئی نہیں ٹوٹی، ہوش کے ناخن لیں، اپنے خاندان اور گھر کا مذاق نہ بنائیں۔ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ باتیں بہت کرنی تھیں جس کیلئے یہاں آیا ہوں، سب ٹھیک ٹھاک ہے اور سب ٹھیک ٹھاک رہے گا، سچ بولنا گناہ بنتا جارہا ہے، غلیظ گالیاں دی جاتی ہیں، سچی زبان کو استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں ںے کہا کہ الزامات لگانے والوں کی اپنی حیثیت نہیں، عمران خان سے میرے بیٹوں کی ملاقات کا کہا جارہاہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میرے بیٹوں کے متعلق بات کی گئی اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بیٹوں نے ہر موقع پر مجھ سے پوچھ کر کام کیا اور مجھے اپنے بیٹوں پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں پر الزامات لگائے جارہے، معیشت کی تباہی کا الزام سیاستدانوں پر لگایاجارہاہے، سارے الزامات سیاستدانوں پر لگ رہے ہیں، آرمی چیف کو کیوں مداخلت کرنی پڑی؟ سیاستدانوں کا قصور ہے جس کی وجہ سے آرمی چیف کو مداخلت کرنی پڑی۔ صحافی کے سوال کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ق لیگ کہاں سے ٹوٹی ہے، کوئی نہیں ٹوٹی، ہوش کے ناخن لیں، اپنے خاندان اور گھر کا مذاق نہ بنائیں، انہوں نے پارٹی اور خاندان کو تقسیم کرنے کی سازش کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کو دعوت دیتاہوں اپنی رہائش گاہ آجائیں، اپنی رہائش گاہ پر ایک طرف میرا کمرہ ہے دوسری طرف پرویز الٰہی کا، ڈائیلاگ میں چند سیڑھیاں اترنی اور چڑھنی پڑیں گی، ڈائیلاگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت کو عہدے سے فارغ کیا گیا ، چوہدری شجاعت کو عہدے سے ہٹانا نا ممکن ہے انھوں نے پارٹی بنائی ہے۔ پچھلے دو تین دن سے عہدے داروں کو فون آرہے ہیں لاہور آجائیں۔ ان کاکہنا تھا کہ چوہدری شجاعت سے وزیر اعظم ملنے آئے، وزیر اعظم کے جانے کے بعد مجلس عاملہ کے اجلاس کی خبریں چلنا شروع ہوگئیں، ہوش اور عقل کے ناخن لیں اپنے خاندان کا نام نہ ڈبوئیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔