’زندگی کو خطرات لاحق، ڈاکٹرز نے سفر سے منع کر دیا‘

’زندگی کو خطرات لاحق، ڈاکٹرز نے سفر سے منع کر دیا‘
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئیں. رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب تک نواز شریف مکمل ٹھیک نہ ہو جائیں انھیں سفر نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، نواز شریف کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، گزشتہ رپورٹ میں سفر نہ کرنے کی سفارش کی تھی اب بھی وہی ہدایات جاری کی گئی ہیں . رپورٹ کے مطابق کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نواز شریف کو ہر گز سفر نہیں کرنا چاہیے، نواز شریف کو ایئر پورٹ اور عوامی مقامات پر ہر گز نہیں جانا چاہیے ، جب تک نواز شریف کی کرونری انجیو گرامی مکمل نہ ہو اس وقت تک اپنےہسپتال سے دور نہ جائیں ، کورونا اور مختلف امراض کی وجہ سے نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں . میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ابھی شدید ذہنی دباؤ میں ہیں، ذہنی دباؤ سے ان کی بیماری مزید بگڑ سکتی ہے، وہ ابھی اپنی ادویات جاری رکھیں۔ رپورٹ میں ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ کلثوم نوازکی وفات کے بعدنواز شریف زیادہ دباؤ میں ہیں،وہ ذہنی دباؤ کے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں،کھلی فضا میں چہل قدمی جاری رکھیں، چہل قدمی کے دوران کورونا سے بچاؤکے اقدامات بھی کریں۔نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ انٹروینشنل کارڈیالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیاض شال نےتیار کی ہے اور اسے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے عدالت میں جمع کرایا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع سے کی گئی بات چیت میں انکشاف ہوا کہ نواز شریف کو دل اور خون کے متعدد مسائل ہیں۔سابق وزیراعظم کے ماضی میں 2 مرتبہ (2010 اور 2016 میں) دل کے آپریشنز ہوئے اور 2019 میں تھرومبوکائیٹوپینیا سے گزرے جب انہیں پی ٹی آئی حکومت نے علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی تھی۔جس کے بعد انہیں دل کے تیسرے آپریشن کی تجویز دی گئی تھی اور بظاہر لگتا ہے کہ اس کے بغیر سابق وزیراعظم کے پاکستان آنے کا امکان نہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ابھی پتہ چلا ہے کہ اب برطانیہ میں بھی دل کے سب ڈاکٹر فوت ہو چکے ہیں۔اس لئے نواز شریف نے ایک پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کو لندن بلوایا۔ پھر اس کو معائینہ کروایا۔پھر اس سے مرضی کا ایک خط لکھوایا۔کیا آپکو لگتا ہے آپکی یہ مکاری عیاری اب اور چلے گی، یا بے ایمانی تیرا آسرا۔جھوٹ پر جھوٹ

Watch Live Public News