تمام مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات،ملتوی نہیں ہوں گے،شرجیل میمن

 تمام مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات،ملتوی نہیں ہوں گے،شرجیل میمن
کیپشن: تمام مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات،ملتوی نہیں ہوں گے،شرجیل میمن

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جمہوریت میں ہی ملکی بقا ہے ، انشااللہ الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات ہیں، عوام کی سیاست صرف پیپلز پارٹی کررہی ہے، بلاول بھٹو نفرت اور انتشار کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، پیپلز پارٹی نے کبھی سیاسی انتقام پریقین نہیں رکھا، نواز شریف کے دور ہمیں جیلوں میں ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی نے بھی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا، لڑائی جھگڑے کی سیاست کے باعث ملک بہت پیچھے چلا گیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی کے گرفتار ہونے پر ہم خوش نہیں ہوتے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو عوام کے مسائل حل کرنے پر غور کرنا ہوگا، مسائل حل نہ ہوئے تو لوگ سسٹم سے مایوس ہوں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کے باعث عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں، پیپلز پارٹی میں کسی قسم کی دھڑے بندی نہیں ہے ، الیکشن کے نتائج سے پتہ چلے گا کہ پیپلز پارٹی مضبوط ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  8فروری کو پیپلز پارٹی کے جیالے پارٹی کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کریں گے، مصطفیٰ کمال جو باتیں کررہے ہیں وہ شر انگیزی ہے ، ان کی باتیں ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دیں ، عوام آج بھی سمجھتے ہیں کہ حقیقی مفاہمت کے بادشاہ آصف زرداری ہیں۔