پبلک نیوز:( شکیل خٹک) پیرس اولمپکس کے لیے اسپرنٹر فائقہ ریاض پنجاب اسٹیڈیم میں اکیلے ٹریننگ کرنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فائقہ ریاض ان دنوں پنجاب اسٹیڈیم میں شام کے سیشن میں 2 گھنٹے تن تنہا ٹریننگ کرتی ہیں، وہ وائلڈ کارڈ پر پیرس اولمپکس میں شرکت کریں گی۔
جیولین تھرور ارشد ندیم نے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا ہوا اور ان کے ہمراہ سلمان اقبال بٹ کوچ ہیں۔
فائقہ ریاض نہ تو کسی کیمپ میں شریک ہیں اور نہ ہی انہیں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ذاتی کوچ کی سہولت میسر ہے۔
اس حوالے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کا کہنا ہے کہ ڈپارٹمنٹ واپڈا کو کوچ مہیا کرنے کا کہا ہے، سیمی رضوی کوچ ہوں گی جبکہ طبی معاملے کے لیے ڈاکٹر میثاق رضوی کو ذمے داری دی ہے۔
فائقہ ریاض نے ذاتی کوچ کی سہولت میسر نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اولمپکس کے لیے ٹریننگ کر رہی ہوں، درخواست ہے کہ ٹریننگ کے دوران مجھے ذاتی کوچ کی سہولت دی جائے، اولمپکس کے لیے دن کم ہیں۔
فائقہ ریاض کا کہنا ہے کہ کوچ کے آنے سے میری تیاری اور اچھی ہو جائے گی، خوشی ہے کہ اللّٰہ پاک نے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا۔