پشاور (پبلک نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینٹ کے امیدوار عباس آفریدی کے سیمنٹ کے گودام پر پولیس نے چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا جبکہ عباس آفریدی نے اسے ہراساں کرنے کی کوشش قرار دیا ہے تاکہ وہ سینٹ انتخابات سے دستبردار ہو جائیں۔تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے رنگ روڈ پر مسلم لیگ(ن) کے سینٹ میں امیدوار عباس آفریدی کے سیمنٹ کے گودام پر چھاپہ مارا ہے۔آدھے گھنٹے سے زیادہ پولیس وہاں پر تلاشی کے عمل میں مصروف رہی۔پھر گودام کے سیل کر دیا گیا ہے۔ عباس آفریدی نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ گودام میں چھاپے کے وقت تقریبا 70کے قریب ورکرز کام کرنے میں مصروف تھے۔مجھے ہراساں کرنے کیلئے اور سینٹ انتخابات سے دستبردار کرانے کیلئے یہ کوشش کی گئی ہے۔اس کے پس پردہ صوبائی حکومت ملوث ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے ذرائع یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ عباس آفریدی کے گودام پر چھاپہ پولیس کی طرف سے غلط فہمی کی بناء پر مارا گیا ہے۔ درحقیقت کسی اور جگہ پر چھاپہ مارنا تھا مگر غلطی سے عباس آفریدی کے سیمنٹ کے گودام پر چھاپہ مارا گیا اور اب گودام کو دوبارہ کاروبار کیلئے بھی کھول دیا گیا ہے۔