ویب ڈیسک: لاہور میں ایک ڈرائیور سڑک پر ٹرک کھڑا کر کے جامن توڑنے چلا گیا جس پر ٹریفک وارڈن نے بلاکر لائسنس طلب کیا تو ڈرائیور نے ٹرک بھگانے کی کوشش کی، ٹرک نا روکنے پر وارڈن ٹرک کے فرنٹ بیرئیر پر چڑھ گیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور کی مصروف ترین شاہراہ کینال روڈ کے علاقے نیوکیمپس پنجاب یونیورسٹی کے اطراف ٹریفک روانی متاثر ہوئی تو وارڈن نے جا کر دیکھا کہ ایک ٹرک سڑک پر کھڑا ہے اور ڈرائیور سڑک سے دور درخت سے جامن توڑ رہا ہے، وارڈن نے اسے بلایا اور لائسنس طلب کیا تو ڈرائیور تیزی سے ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا اور ٹرک چلا دیا۔جس کی ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک وارڈن نذر محمد دلیری سے فرنٹ کا پائیدان پکڑ کر آگے سے ٹرک پر لٹک گیا اور ڈرائیور کو رُکنے کا کہتا رہا، ڈرائیور ایک کلو میٹر تک ٹرک چلاتا رہا، آخر کارلوگوں کی مداخلت پر ڈرائیور کو ٹرک روکنا پڑ ا۔
وارڈن نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا، ٹرک ڈرائیور کے خلاف وارڈن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔