مری(پبلک نیوز) پتریاٹہ کے سیاحتی مقام پر چیئر لفٹ کی سیر کو آیا سیاح نامعلوم گولی کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیاتفصیلات کے مطابق نیو مری پتریاٹہ چیئر لفٹ کیبل ریزاٹ میں ٹاپ سٹیشن کے نزدیک فائرنگ سے ایک سیاح جان کی بازی ہار گیا۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا سیاح محمد عباس ولد صفدر علی مری میں سیر کی غرض سے آیا تھا جہاں پر ٹاپ سٹیشن کے نزدیک نامعلوم افراد کی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122جائے حادثہ پر پہنچ گئی لیکن اس وقت تک سیاح دم توڑ چکا تھا۔ یاد رہے کہ پتریاٹہ چیئر لفٹ کیبل ریزاٹ سمیت مری میں سیاحت کیلئے آنیوالوں کیلئے سکیورٹی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے اکثر ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ سیاحوں اور مری کے رہائشیوں نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مری میں سیاحت کی غرض سے آنے والوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے ضروری انتظامات کئے جائیں۔