مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی پر تعیش تقریبات کا آغاز

مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی پر تعیش تقریبات کا آغاز
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی پر تعیش تقریبات کا آغاز آج سے ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اننت امبانی کی پری ویڈنگ تقریب  آج یعنی یکم مارچ سے شروع ہوں گی۔ اس پری ویڈنگ تقریب میں ہندوستان اور بیرون ملک سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس تقریب میں ہالی ووڈ ستاروں کے ساتھ بالی ووڈ ستاروں نے بھی شرکت کرنی شروع کر دی ہے۔

مہمانوں کی لسٹ:

ہالی ووڈ گلوکارہ ریحانہ جمعرات کو یہاں پہنچ گئی ہیں۔

وہیں بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان بھی پری ویڈنگ تقریب میں شرکت کرنے کے لئے جمعرات کو جام نگر پہنچے ہیں۔ شاہ رخ خان اپنی پوری فیملی کے ساتھ یہاں پہنچے ہیں۔ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان، بیوی گوری خان اور دونوں بیٹے بھی جام نگر پہنچ گئے ہیں۔

جشن کی ان تقریبات میں سابق سوئیڈشن وزیر اعظم کارل بلڈٹ، کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم اسٹیفن ہارپر اور بھوٹان کے بادشاہ بھی شریک ہوں گے۔

  اننت امبانی کی پری ویڈن پارٹیز ریلائنس گروپ کی آئل ریفائنری کے قریب تین ہزار ایکڑ پر پھیلے باغ میں ہوں گی۔ یہ ریفائنری ریاست گجرات میں امبانی خاندان کے آبائی علاقے جام نگر میں واقع ہے۔

 برطانوی اخبار ’گارجین‘ کے مطابق ریفائنری کے گارڈن میں ایک کروڑ سے زیادہ درخت ہیں اور اسے ایشیا میں آموں کا سب سے بڑا باغ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

ریلائنس گروپ کے مطابق امبانی خاندان کی جانب سے جانوروں کو ریسکیو کرنے کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کے تحت بھارت اور دنیا کے دیگر علاقوں سے ریسکیو کیے گئے دو ہزار جانور بھی اسی باغ میں ہیں جن میں تیندوے، چیتے، شیر، جیگوار اور ہاتھی بھی شامل ہیں۔

اننت امبانی کی شادی کے سلسلے میں آئندہ بھی کئی تقریبات ہونے والی ہیں۔ پھر 12 جولائی کو شادی کے دن اور اس کے بعد کی رسومات وغیرہ بھی باقی ہیں۔ اس لیے تاحال اس شادی پر آنے والے مجموعی اخراجات کا اندازہ سامنے نہیں آسکا ہے۔

فوربز کی ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق مکیش امبانی نہ صرف بھارت بلکہ ایشیا کے بھی امیر ترین شخص ہیں۔اس فہرست میں ارب پتی افراد کا شمار ان کی 'نیٹ ورتھ' یعنی کل اثاثوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس میں مکیش امبانی کی نیٹ ورتھ 114 ارب ڈالر سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

آننت کی شادی سے قبل 2018ء میں مکیش نے اپنی بیٹی کی شادی بھی شاندار طریقے سے کی تھی اور اس شادی کو اب تک کی بھارت کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جاتا ہے۔ اس میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے بھی پرفارم کیا تھا اور مبینہ طور پر مکیش نے اس شادی پر 100 ملین ڈالر کا خرچہ کیا تھا۔

Watch Live Public News