لاہور( پبلک نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سخت ترین مذمت کی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ فسطائی حکومت کا عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا نہایت ہی بھونڈی حرکت ہے، شریفوں نے نہ تاریخ سے سبق سیکھا نہ ہی اپنی حرکتوں سے باز آئی۔ چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامی فوبیا کے خلاف جو قرارداد منظورکرائی، اس پر پوری مسلم دنیا انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے،یہ وہ اعزاز ہے جس کی توفیق عمران خان جیسے سچے عاشق رسولﷺ ہی کو نصیب ہو سکتی ہے،تحفظ ناموس رسالتﷺ پر عمران خان کی خدمات پر عرب دنیا کا معتبر ترین چینل ”الجزیرہ“ انھیں مسلم دنیا کی پسندیدہ ترین شخصیت قرار دے چکا ہے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ انتقامی سیاست کو شریف برادران نے اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، وہ انتقامی ہتھکنڈوں سے باز رہیں،امپورٹڈ حکومت مذہب کارڈ کھیل کر خطرناک اقدام کررہی ہے،مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ سے عمران خان کا کیا تعلق، عمران خان واضح اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس طرح کی ہدایت دینے کاتصور بھی نہیں کرسکتے، عمران خان مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے اپنا دوٹوک موقف دے چکے ہیں۔ مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو معلوم ہے کہ جس رات مسجد نبوی ﷺ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، اس رات عمران خان اور ان کے کارکن شب دعامیں مصروف تھے۔ عمران خان عشق نبویﷺ سے سرشار ہیں، عمران خان کو مسجد نبوی ﷺمیں ہونے والی نعرہ بازی میں ملوث کرنے کی کوشش کرنا، شہبازشریف اور ان کی امپورٹڈ حکومت کی حواس باختگی کا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے مزید کہا کہ تحفظ ناموس ر سالت ﷺ کیلئے عمران خان ایک عالمی آواز بن کر ابھرے ہیں،پہلی مرتبہ کسی مسلم حکمران نے مغرب کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ توہین رسالت کے مرتکب عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔