نائب صوبیدار صاحب خان کی بہادری کو قوم کا سلام

نائب صوبیدار صاحب خان کی بہادری کو قوم کا سلام
کیپشن: Nation salutes the bravery of Naib Subedar Sahib Khan

ویب ڈیسک: شہدائے وطن کو سلام، وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ نائب صوبیدار صاحب خان  انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق نائب صوبیدار صاحب خان نے 5 جولائی 2023 کو  ضلع شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے دفاع وطن میں جامِ شہادت نوش کیا۔ نائب صوبیدار صاحب خان شہید نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹا چھوڑے۔ نائب صوبیدار صاحب خان شہید کا تعلق  میانوالی سے ہے۔

نائب صوبیدار صاحب خان شہید کے لواحقین نے اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے۔ شہید کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ’’میرے والد صاحب بہت خوش اخلاق اور اچھی طبیعت کےمالک تھے، 5 جولائی کو میری ان سے صبح فون پر بات ہوئی تھی‘‘۔ ’’اسی روز بعد میں میرے چچا کا فون آیا کہ گھرکا کچھ کام کرانا ہے والد صاحب سے پوچھ لو، دوپہرایک بجے چچا روتے ہوئے آئے اور بتایا کہ تمہارے والد شہید ہو گئے ہیں‘‘

شہید کے بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ ’’والدین کی کمی تو کبھی پوری نہیں ہوتی، ہمیں زندگی کے ہرموڑ پر ان کی ضرورت پڑتی ہے‘‘۔ ’’قرآن پاک میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے، شہید تو زندہ ہے مگر تم لوگ اس کا شعور نہیں رکھتے‘‘۔ ’’والد صاحب سب کو برابر پیار کرتے تھے، جو ہمارے لئے اچھا ہوتا وہی کرتے تھے‘‘۔

ان کے بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ ’’ شہادت سے دو روز قبل ان کا فون آیا اور انہوں نے بتایا کہ میں   نائب صوبیدار بن گیا ہوں‘‘۔ ’’میں نے پوچھا کہ آپ کو نائب صوبیدار کا بیج  کب لگے گا، والد صاحب نے بتایا کہ وہ دو دن بعد لگے گا‘‘۔ ’’والد صاحب نے چھٹی پر گھر آنا تھا، گھر تو آئے لیکن شہید ہو کر آئے‘‘۔

شہید کی بیوہ نے کہا کہ ’’اپنے شوہر کے ساتھ گزارا ہوا وقت یادگار ہے، بہت اچھا وقت گزرا ہے‘‘۔ ’’پہلے جب بھی گھرکا کوئی کام کرنا ہوتا تھا ان سے مشورہ کرلیتی تھی، ان کی شہادت کے بعد اب اپنے بیٹے کے ساتھ مشاورت کرتی ہوں‘‘۔ ’’ہماری ایک بیٹی بھی ہے جسے ہم نے گود لیا تھا اس نے حفظ مکمل کرلیا ہے، اگر وہ ہوتے توبہت خوش ہوتے‘‘۔ ’’کوئی بھی خوشی کا لمحہ آتا ہے تو ان کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے مگر ہم اللہ کی رضا میں راضی ہیں‘‘۔

نائب صوبیدار صاحب خان شہید کی شہادت ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

Watch Live Public News