ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 10 خوارج ہلاک جبکہ دیسی ساختہ بارودی مواد کے دھماکوں میں 6 جوان شہید ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان اور ہنگو میں گزشتہ روز کیے گئے مختلف آپریشنز کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک افراد سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، جبکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو اور شمالی وزیرستان میں 10 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران 6 جوانوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلخانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہدا پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں مشعلِ راہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔