ٹوکیو میں جوکر نے 17 افراد کو زخمی کر دیا

ٹوکیو میں جوکر نے 17 افراد کو زخمی کر دیا

ویب ڈیسک: ٹوکیو سب وے پر جوکر کے لباس میں ملبوس ایک شخص نے 17 افراد کو زخمی کر دیا۔

بیٹ مین فلموں اور کامکس کی طرز پر جوکر کا لباس پہنے ایک 24 سالہ شخص نے اتوار کی شام ٹوکیو کی سب وے لائن پر مسافروں پر حملہ کیا۔ ہیلووین پارٹیوں میں جانے والے سترہ مسافر مبینہ طور پر اس حملے میں زخمی ہوئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے سب سے پہلے سب وے پر آگ لگائی۔ ویڈیو فوٹیج میں مسافروں کو شعلوں سے بھاگتے اور سب وے کی کھڑکیوں سے باہر کودتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایک عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا پہلے میں نے سوچا کہ یہ ہالووین کا سٹنٹ ہے، لیکن پھر میں نے دیکھا کہ ایک آدمی میری طرف آتا ہے اور آہستہ سے ایک لمبا چاقو لہراتا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزم نے جامنی اور ہلکے سبز رنگ کا سوٹ پہن رکھا تھا۔میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اس شخص کو پولیس نے جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص نے حکام کو بتایا کہ وہ موت کی سزا پانے کے لیے لوگوں کو قتل کرنا چاہتا تھا۔جاپان میں پرتشدد جرائم بہت کم ہوتے ہیں لیکن حالیہ برسوں میں چاقو مارنے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

رواں سال اگست میں ٹوکیو شہر کی ایک ٹرین پر چاقو سے حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔ 2019 میں، ایک شخص نے بس کے انتظار میں کھڑے طلباء کے ایک گروپ پر حملہ کیا تھا، جس میں دو افراد ہلاک اور کم از کم 18 دیگر زخمی ہوئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔