'آزادی مارچ کے مناظر دیکھ کرنواز شریف کے پلیٹ لیٹس گِر رہے ہیں'

'آزادی مارچ کے مناظر دیکھ کرنواز شریف کے پلیٹ لیٹس گِر رہے ہیں'
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے مناظر دیکھ کر مریم کے پاپا کے پلیٹ لیٹس پھر سے تیزی سے گِر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی لندن میں پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف نے ردِعمل دیا ہے،اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما فواد چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاسی طور پر مکمل غیرمتعلق خاتون کی بے سر و پا گفتگو کی براہِ راست نشریات نہایت شرمناک ہے، میڈیا پر بدترین سنسرشپ عائد، صحافیوں پر عرصہ حیات تنگ ہے مگر عوام کے مسترد شدہ گروہ کو کھل کر پراپیگنڈہ کی اجازت ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہر طرح کے وسائل کے استعمال کے باوجود انہیں اپنے بیانیے کا کوئی خریدار نہیں مل رہا، پے درپے ہونے والی پریس کانفرنسز اور پھولی ہوئی سانسیں حقیقی آزادی مارچ کی کامیابی کا پیش خیمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ ناکام ہے تو مجرموں کے حکمران گروہ کی کانپیں کیوں ٹانگ رہی ہیں، آزادی مارچ کے مناظر دیکھ کر مریم کے پاپا کے پلیٹ لیٹس پھر سے تیزی سے گِر رہے ہیں، اب تو چچا کی حکومت ہے، مریم نواز ہمت کریں اور پاپا کو لیکر وطن واپس پہنچیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ سے خطرہ نہیں تو 41 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے، دارالحکومت کے باہر سے ہزاروں پولیس، ایف سی اور رینجرز اسلام آباد میں جمع کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی، مریم کے والد کا ”مجھے کیوں نکالا“ مارچ گھنٹوں میں ہوا میں تحلیل ہوا۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ پوری قوم عمران خان کے بیانیے کی پشت پر کھڑی، ملک کے طول و عرض سے قافلے حقیقی آزادی مارچ کا حصہ بننے کیلئے نکل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ووٹ کی پرچی، اب حقیقی آزادی مارچ میں بے مثال شرکت سے عوام نے واضح کردیا کہ صاف شفاف انتخابات کا فوری انعقاد کی واحد رستہ ہے، پرامن احتجاج کی اصل حقیقت کو سمجھا جائے اور کٹھ پتلی راج سمیٹ کر عوام کو مستقبل کے تعین کا اختیار دیا جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔