پبلک نیوز: مارچ 2021 میں سیمنٹ کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم، مقامی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کے باعث مارچ 2021میں سیمنٹ کی فروخت میں 44.39فیصد اضافہ ہوا۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2021 کی فروخت سیمنٹ انڈسٹری کی تاریخ میں کسی بھی مہینے کی سب سے زیادہ شرح نمو ہے۔ مارچ 2021کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 5.373ملین ٹن رہی جو مارچ 2020میں 3.722ملین ٹن رہی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2021کے مہینے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 4.563ملین ٹن رہی جو مارچ 2020کی 3.214ملین ٹن کی فروخت سے 41.96فیصد کے نمایاں اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔ مارچ 2021میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں بھی 59.80فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مارچ 2021میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 8لاکھ10ہزار962ٹن رہی جبکہ مارچ 2020کے دوران 5لاکھ7ہزار480ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی گئی تھی۔