پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی استعفے دے دیں

پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی استعفے دے دیں
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے آخری حل پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام اراکین اسمبلی کو چاہیے کہ وہ اپنی سیٹوں سے مستعفی ہو جائیں۔ میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے پیچھے اگر غیر ملکی سازش ہے تو اپوزیشن جماعتوں پر پابندی لگا کر ان کے لیڈروں پر غداری کے کیسز درج کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ آخری دم تک عمران خان کیساتھ کھڑا رہوں گا۔ ملک کی سیاسی صورتحال میں ہر گھنٹے بعد تبدیلی آ سکتی ہے۔ میرے نزدیک اس کا آخری حل یہی ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ممبران اسمبلی سے استعفے دے دیں۔ وزیر داخلہ نے تسلیم کیا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہم میں بھی بہت سے کمزوریاں اور خامیاں ہیں لیکن میں ذمہ داری سے یہ بات کہتاہوں کہ اپوزیشن کے لوگ پاکستان میں جمہوریت کو بچا نہیں سکتے۔ عوام ان لوگوں کی شکلیں تک دیکھنا گوارا نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بیٹھے بٹھائے وزیراعظم عمران خان کو مزید مقبول کر دیا ہے۔ جبکہ قومی اداروں سے بھی کہتا ہوں کہ یہ چوروں کیلئے نمک کی کان ہے۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰٰ پنجاب کے امیدوار شہباز شریف اور حمزہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں پر تو فرد جرم عائد ہونا تھیں۔ کورٹس ان پر اٹھارہ فروری کو فرد جرم عائد نہیں کر سکیں۔ شیخ رشید احمد نے انتہائی اہم بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو بھی جاتی ہے تو عمران خان صدر مملکت کے اختیارات کے تحت کام جاری رکھیں گے۔ 8 یا 10 روز جب تک نیا وزیراعظم حلف نہیں اٹھا لیتا، اس ملک کے وزیراعظم عمران خان ہی رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا میں کافی عرصے سے مطالبہ کر رہا ہوں کہ ہمیں جلد انتخابات کی جانب جانا چاہیے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔