ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے بیرسٹر سیف نے دو نجی چینلز پر جے شنکر کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جے شنکر تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت کریں۔ ہم جے شنکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے احتجاج سے خطاب کریں۔ بھارتی وزیر خارجہ آئیں اور آئین کی بحالی کے لیے ہمارے احتجاج میں شرکت کریں۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان جمہوریت کا دعوی کرتا ہے تو جے شنکر پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے ہمارے احتجاج میں شرکت کریں- بیرسٹر سیف نے عجیب منطق سناتے ہوئے کہا کہ جے شنکر کی احتجاج میں شرکت سے پاکستان مضبوط ہوگا اور اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔
انہوں نے مضحکہ خیز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مضبوط ہوگا تو ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں گے۔
سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک دشمنی میں کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ بیرسٹر سیف نے باضابطہ طور پر میڈیا انٹرویوز کے ذریعے بھارتی وزیر خارجہ تک درخواست پہنچا دی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام کو ہوا دینے کے لیے بھارت کو دعوت دینا انتہائی غیر معمولی اقدام ہے۔ تحریک انصاف کی بھارتی وزیر خارجہ سے مدد کی درخواست نے احتجاج کے پیچھے چھپی خوفناک سازش بے نقاب کر دی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف ہر ریڈ لائن کراس کر رہی ہے، کیا ریاست کے پاس اس کا کوئی حل نہیں؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے ازلی دشمن کو احتجاج میں شرکت کی دعوت نے تحریک انصاف کا پول کھول دیا۔ اس دعوت سے ثابت ہوتا ہے کہ تحریک انصاف اپنے گھناؤنے عزائم کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے-
سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت اور خطاب کی دعوت صرف ہندوستانی وزیر خارجہ کو ہی کیوں؟