پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد مطالبہ کیا ہے عمران خان کو فوری اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ فارن فنڈنگ کیس کا مقدمہ سب کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی میں رجیم چینج ہو۔ تمام الزامات ثابت ہو چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو شوکاز جاری کرتے ہوئے اس پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد فوری طور پر پارٹی کی چیئرمین شپ سے علیحدہ ہو جائیں۔ پی ٹی آئی کو اب اس کے نظریاتی کارکنوں کے حوالے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ سے انصاف کی دعا کی ہے۔ آٹھ سال پہلے دو رکعت نفل پڑھے تھے اور آج بھی دو رکعت نفل پڑھ کر نکلا ہوں۔ اس کیس میں یہاں تک پہنچنا بھی بہٹ بڑی بات ہے، میں آخری وقت تک لڑوں گا اور فتح پاکستان کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے پوری امید تھی کہ یہ فیصلہ میرے حق میں آئے گا۔ میری نظر میں عمران خان آؤٹ ہو چکے ہیں۔ یہ جنگ حق و باطل کے درمیان تھی اور اس میں جیت سچائی کی ہوئی۔