ویب ڈیسک : ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 8 سے 17 ستمبر تک چائنہ میں کھیلے جائے گی، ایونٹ میں تمام چھ ٹیموں کو ایک ہی پول میں رکھا گیا ہے۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، کوریا، ملائیشیا، جاپان اور چائنہ شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 8 ستمبر کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم ایونٹ کے دوسرے میچ میں کوریا کے خلاف 9 ستمبر کو مدِ مقابل ہوگی۔ گرین شرٹس کو 11 ستمبر کو جاپان کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ 12 ستمبر کو چائنہ کے خلاف کھیلے گی۔
خیال رہے کہ ایونٹ میں پاکستان اور روائتی حریف 14 ستمبر کو ٹکرائیں گے۔ جبکہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل مقابلے 16 ستمبر جبکہ فائنل میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔