ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے لاپتہ افراد کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نےلاپتہ افراد کےلواحقین کیلئےغیرمعمولی فیصلہ کرلیا ہے۔
حکومت نے لواحقین کیلئےمالی اعانت اورگرانٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مالی اعانت اوربحالی گرانٹ 5 سال سے زائد لاپتہ افراد کے لواحقین کو دی جائے گی۔ 5 سال سے زائدلاپتہ افرادکی فیملی کو50لاکھ بحالی گرانٹ دی جائےگی۔
مالی اعانت اور گرانٹ ایک ہزارخاندانوں کودی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ماضی میں ہم عالمی طاقتوں کے ہاتھوں استعمال ہوئے، دہشت گردی کی وجہ سے ہمیں بہت سےمسائل کا سامنا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ افغان جنگ کے باعث پاکستان کو دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا، لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے، پی ڈی ایم حکومت نےخصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی، نگراں حکومت میں بھی کمیٹی کام کرتی رہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی فرد کا لاپتہ ہو جانا اس کے اہلِ خانہ کے لیے بہت المناک ہوتا ہے، خفیہ اور ریاستی اداروں سے مشاورت کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی تھی، لاپتہ افراد کے بارے میں کمیٹی کی رپورٹ کی کابینہ نے بھی توثیق کی کی تھی، حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کی امداد کی جارہی ہے۔