لاہور: (اے پی پی) فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد اپنے کیریئر میں پہلی بار آئی سی سی مینز ٹیسٹ پلیئر رینکنگ کے ٹاپ فائیو میں جگہ بنا لی ہے، پاکستان نے بنگلا دیش کو پہلے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ رینکنگ کے مطابق چٹاگانگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں لینے سمیت 7 وکٹیں لینے والے 21 سالہ بائیں ہاتھ کے بالرشاہین شاہ آفریدی، جیمز اینڈرسن، کگیسو ربادا اور نیل ویگنر کو پیچھے چھوڑ کر تین درجے ترقی کرکے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ شاہین کے نئے گیند کے ساتھی حسن علی بھی اسی طرح کے 7 وکٹوں کے میچ کے ساتھ کیریئر کی بہترین پوزیشن پر ہیں جس میں پہلی اننگز میں 5 وکٹیں شامل تھیں۔ حسن پانچ درجے ترقی کر کے گیارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹیسٹ میں ان کا پچھلا بہترین 14 واں نمبر تھا جو اس سال مئی میں انہوں نے حاصل کیاتھا۔ پاکستان کے ابتدائی بلے باز ایسے نہیں تھے جو پیچھے رہ جائیں۔ عابد علی گوکہ دونوں اننگز میں سنچری بنانے سے محروم رہے لیکن ان کے 133 اور 91 کے اسکور نے انہیں 27 پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کی بہترین 20 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا جبکہ عبداللہ شفیق 52 اور 73 کے اسکور کے ساتھ 83 ویں نمبر پر ہیں۔ بنگلہ دیش کے لیے مشفق الرحیم 91 اور 16 کے اسکور کے ساتھ چار درجے بہتری کے ساتھ 19 ویں نمبر پر ہیں جبکہ لٹن داس 114 اور 59 کے اسکور کے بعد 26 درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین 31 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر تیج الاسلام دو درجے ترقی کرکے 23 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ انہوں نے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں جس میں پہلی اننگز کی سات وکٹیں بھی شامل ہیں۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کانپور میں سنسنی خیز ڈرا میں دونوں طرف سے کافی کچھ پرفارمنس سامنے آئیں جو تازہ ترین ہفتہ وار اپڈیٹ سے ظاہر ہوتی ہے جس میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گال میں پہلا ٹیسٹ بھی شامل ہے، جسے میزبان سائیڈ نے 187 رنز سے جیتا تھا۔ ڈیبیو کرنے والے شریاس آئیر کی 105 اور 65 کی پلیئر آف دی میچ کوشش نے انہیں رینکنگ میں 74 ویں پوزیشن پر پہنچنے میں مدد فراہم کی جبکہ اوپنر شبمن گل چھ درجے ترقی کر کے 66 ویں پراور ریدھیمان ساہا 9 درجے اوپر پہنچ کر 99 ویں پر پہنچے۔ رویندرا جدیجا میچ میں پانچ وکٹوں کے ساتھ گیند بازوں میں دو درجے ترقی کرکے 19 ویں نمبر پر ہیں اور آل رائونڈرز میں ایک مقام ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ روی چندرن اشون تیسرے نمبر پر آل رائونڈر اور بلے بازوں میں 79 ویں نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے لیے ٹام لیتھم کی 95 اور 52 کی اننگز نے اسے دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ دی ہے اور وہ 14 ویں سے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فاسٹ بالر کائل جیمیسن بالرز میں نویں نمبر پر ہیں، ان کی ہر اننگز میں تین وکٹیں لینے کے نتیجے میں چھ مقام کا فائدہ ہوا۔ ٹم ساتھی نے آٹھ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 15 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے کی 147 اور 83 کی پلیئر آف دی میچ کی کوشش نے انہیں چار مقام اٹھا کر ساتویں نمبر پر پہنچا دیا، جو اگست 2019 میں حاصل کی گئی ان کے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن سے صرف ایک نیچے ہے۔ سابق کپتان اینجلو میتھیوز دو درجے اوپر 23 ویں نمبر پراور دنیش چندیمل چار درجے ترقی کر کے 46ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر لاستھ ایمبولڈینیا چار مقام ترقی کرکے 37 ویں پر، پراوین جے وکراماچھ مقام سے 44 ویں نمبر پراور آف اسپنر رمیش مینڈس 28 درجے ترقی کر کے 57 ویں پرگیند بازوں کی درجہ بندی میں بہتر ہوئے ہیں۔