راولپنڈی: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت جمہوریہ وسطی افریقا میں خدمات سرانجام دے رہے پاکستانی فوج کے جوان ڈیوٹی کے دوران شہید ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوالدار محمد شفیق کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میاں چنوں میں ادا کی گئی اور بعد ازاں پورے اعزاز کے ساتھ دفنایا گیا۔ حوالدار محمد شفیق رواں سال فروری 2021ء میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعینات ہوئے تھے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی فوج کے 162 جوان اب تک اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ حوالدار محمد شفیق کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور تین بیٹے ہیں۔