کراچی : کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سندھ حکومت نے نئے ایس او پیز جاری کردیے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ ایس او پیز میں شادی کی تقریبات ، جم ، سینیما ، مزارات پر مکمل ویکسین شدہ افراد کو اجازت ہوگئی ۔ اسکول میں 12 سال تک بچوں کو ویکسین لازمی ہے ۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ ، ریلوے میں ویکسین شدہ افراد کو سفر کی اجازت ہوگی اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے ۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس روز بروز بڑھتا ہی جا رہا ہے، این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسیز کی شرح4اعشاریہ 47 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے 18ہزار305ٹیسٹ کئے گئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران 818 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 4 مریض جان بحق ہوئے ہیں ۔ دوسری جانب کورونا کے 126مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔