مسلسل جیت سے پاکستانی ٹیم کا مورال بہت بلند ہے، شعیب ملک

مسلسل جیت سے پاکستانی ٹیم کا مورال بہت بلند ہے، شعیب ملک
دبئی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ مسلسل جیت سے پاکستان ٹیم کا مورال اس وقت بہت بلند ہے، بابر اعظم کی کپتانی میں نکھار آ رہا ہے۔ پیر کو دبئی میں ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ ہمارا پورا فوکس پاکستان ٹیم اور اس کے میچز پر ہے، کسی دوسری ٹیم پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں بہت محنت کی جو رنگ لا رہی ہے۔ پہلے ہی میچ میں بڑی ٹیم کے خلاف کامیابی سے مورال بہت ہائی ہوا۔ ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے، کھلاڑی ایک دوسرے کی مدد اور آپس میں بات چیت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں روز بروز نکھار آتا جا رہا ہے۔ بابر اعظم کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کپتانی میں بیٹنگ کا پریشر نہیں لے رہے۔ یہ پاکستان کرکٹ کے لئے بہت اچھی علامت ہے۔ سابق کپتان نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ دوران ٹورنامنٹ ریٹائرمنٹ کا نہیں سوچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی فائٹر ہے وہ کم بیک کرے گا۔ ایک دو میچز میں پرفارمنس نہیں ہوئی تو کوئی زیادہ بڑی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی کو ٹیم اور مینجمنٹ کی طرف سے مکمل سپورٹ ہے۔ وہ میچ ونر کھلاڑی ہے اور آئندہ بھی پاکستان کو اپنی پرفارمنس سے میچ میں فتح دلائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔