ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کی تباہی شروع ہوئی، عمران خان بتائیں اپنے دور میں ملکی ترقی کے لیے کون سا منصوبہ شروع کیا۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے آئی ایم ایف سے ہاتھ ملایا اور پھر خدا حافظ بھی کہہ دیا تھا، لیکن تحریک انصاف عالمی مالیاتی ادارے کو واپس لے کر آئی۔ بڑے عرصے سے صبر کرکے بیٹھا ہوا ہوں، اسی لیے کہتا ہوں مجھے نہ چھیڑیں میں خاموش ہوں لیکن تہیہِ طوفان کرکے بیٹھا ہوا ہوں،خان صاحب ، ایک منصوبہ بتا دیں کہ یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی کیلئے شروع کیا تھا، پاکستان میں سب سے پہلی موٹروے کی بنیاد الحمدللہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف نے رکھی، اور سب سے آخری موٹروے بھی مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف نے ہی بنائی۔
نواز شریف نے کہا کہ باتیں کرنے اور کام کرنے میں بہت فرق ہے، تحریک انصاف نے عوام کو صرف بغض اور بدتمیزی سکھائی ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے عوام کو بجلی کے بلوں میں 50 ارب روپے کا ریلیف دیا۔میری حکومت میں ڈالر 104 اور شرح سود 5.25 فیصد پر تھی، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے عوام کو جواب دے کہ وہاں پر کیا کام کیا، ہمارے زمانے میں ترقی کی شرح 5.8 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو ڈالر بے لگام ہوگیا اور شرح سود بھی اوپر چلی گئی، جبکہ دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی خراب کیا گیا۔مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کام کرکے دکھائے، سب سے پہلی موٹروے کی بنیاد ہمارے دور میں رکھی گئی۔
نواز شریف نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں پی آئی اے کو تباہ کیا، ان کے ایک وزیر نے اسمبلی فلور پر کہاکہ ہمارے پائلٹس کی تعلیمی قابلیت پوری نہیں۔مریم نواز کی خواہش ہے کہ پی آئی اے کو خرید کر ایئرپنجاب کے نام سے چلائیں تاہم میں نے ان کو مشورہ دیا ہے کہ آپ نئی ایئرلائن بھی چلا سکتی ہیں۔پی آئی اے کی تباہی پر بہت دکھ ہوتا ہے، میں خود پرواز بدل کر امریکا پہنچا ہوں، پی آئی اے کی خریداری یا نئی ایئرلائن کے حوالے سے مریم نواز غور و خوض کررہی ہیں۔