’ہتھیار ڈالنے والوں سے لڑائی نہیں کریں گے‘

’ہتھیار ڈالنے والوں سے لڑائی نہیں کریں گے‘

کراچی(پبلک نیوز) شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اے پی ایس کے بچوں کے قتل والے لوگ الگ ہیں،جنہوں نے اے پی ایس کے بچوں کو قتل کیا یا جو نقل مکانی کر کے چلے گئے ان کا مسئلہ الگ ہے، جنھوں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں ان سے لڑائی نہیں کریں گے، پاکستان کے دشمنوں سے نمٹیں گے، ہمیں پتہ ہے کہ کون گڈ ہے اور کون بیڈ ہے.

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منظر نامہ بدلنے جارہا ہے، اپوزیشن والے عقل کے اندھے اور کنویں کے مینڈک ہیں، امریکا اور چائنہ سے ہمارے تعلقات اچھے ہیں، ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی پر کارروائی کریں.

ان کا کہنا تھا کہ اس ہفتے نیب کے چئیرمین کا فیصلہ ہوجائیگا، ہندوستان کو ندامت اٹھانےکے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا، مہنگائی کو بھی کنٹرول کریں گے، پیپلز پارٹی مفاہمت اور مذاکرات کی طرف آگئی ہے، دنیا کی کوئی سپر پاور ہم سے بات کیےبغیر آگے مذاکرات نہیں بڑھاسکتی، ہمارے پاس ہماری عظیم فوج ہے، عمران خان کو مہنگائی اور عوام کا درد ہے.

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیائے سیاست پر چھایا ہوا ہے، عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے، جو ہتھیار پھینک دے اس سے لڑنا جائز نہیں، اگر بھارت بھی بات چیت سے مسئلے کے حل کے لئے آگے آئے گا تو اس سے بھی بات کی جائے گی، مہنگائی کی سب سے زیادہ فکر عمران خان کو ہے، اگلے الیکشن کے لیئے بھی کوشش کی جارہی ہے.

انہوں نے مزید کہا اب تک طالبان سے بات چیت کی ابتداء ہورہی ہے، ملک کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے، ہم ایسی پوزیشن پر بیٹھے ہوئے ہیں کہ دنیا ہم سے بات کر رہی ہے، ہماری عظیم فوج اور عظیم ایجنسی ہے، ہمیں معلوم ہے کون گڈ ہے کون بیڈ ہے، ہماری منصوبہ بندی دو چار سال کی نہیں بیس بیس سال کی ہے.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔