ویب ڈیسک: ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بازیابی کیس میں وزارت دفاع کو بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق دائر پٹیشن پر سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی, عدالت نے وزارت دفاع و داخلہ حکام کو بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دیا کہ لاپتہ محمد اکرم وفاقی اداروں کی تحویل میں نہیں ہے؟
دوران سماعت محمد اکرم کی فیملی کو اڈیالہ جیل کی کالونی میں گھر الاٹ کرنے پر جیل انتظامیہ کی رپورٹ عدالت داخل کروائی گئی اور رپورٹ لکھا گیا کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والے قتل کی انکوائری میں محمد اکرم کو نوکری سے برخواست کیا گیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ محمد اکرم 14 اگست سے لاپتہ ہے اور غیر حاضری میں انہیں نوکری سے کیسے برخاست کر دیا گیا؟
پٹیشن پر مزید سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی،سماعت کے دوران پٹیشنر میمونہ ریاض اپنی وکیل ایمان مزاری کے ہمراہ جبکہ جیل حکام، ایس ایچ او صدر بیرونی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔